شاہد آفریدی کی شمولیت پر تنازعہ، ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز میں پاک بھارت میچ منسوخ
ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز ( ڈبلیو سی ایل) میں اتوار 20 جولائی کے روز ہونے والا پاکستان اور بھارت کا میچ شاہد آفریدی کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔
دونوں ٹیموں نے اتوار کے روز برمنگھم میں آمنے سامنے ہونا تھا, ٹورنامنٹ کے منتظمین کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کھیلے جانے والے میچ کو منسوخ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے لیے جن شائقین نے میچ کے ٹکٹس خریدے تھے ان کو پیسوں کی واپسی کا یقین دلایا گیا ہے۔
ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز کے پہلے میچ میں محمد حفیظ کی کپتانی میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز تو ایک زمانے سے منسوخ ہے لیکن پہلگام حملے اور ’آپریشن سندور‘ کے بعد تلخیاں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ ان کے درمیان کوئی مقابلے کی صورت نظر نہیں آتی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہدآفریدی نے کہا تھا کہ ’دہشت گرد ایک گھنٹے تک پہلگام میں لوگوں کو مارتے رہے، اور 8 لاکھ میں سے ایک بھی انڈین فوجی سامنے نہیں آیا۔
آفریدی نے مزید کہا کہ ’انڈیا خود دہشت گردی کرتا ہے، اپنے ہی لوگوں کو مارتا ہے، اور پھر پاکستان پر الزام لگاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ شاہد آفریدی کے اس بیان کی وجہ سے بھارتی کرکٹرز نے ٹورنامنٹ کے آرگنائزرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسی صورت پاکستان کے خلاف میچ کھیلیں جب نہ صرف شاہد آفریدی ٹیم کا حصہ نہ ہوں بلکہ اور یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ وہ سٹیڈیم میں بھی موجود نہ ہوں۔ اس مطالبے کی بھی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں