بھارتی کپتان روہت شرما چیمپئنز ٹرافی کے بعد ریٹائرمنٹ لیں گے، بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کے کپتان روہت شرما آئندہ آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں۔
روہت شرما نے پہلے ہی آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں بھارت کو شاندار کامیابی دلانے کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اب باقی فارمیٹس سے بھی ریٹائرمنٹ پر غور کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا نے بی سی سی آئی کے ذرائع سے دعویٰ کیا کہ ایک متفقہ فیصلے کے تحت شرما کو چیمپئنز ٹرافی تک کپتانی کی ذمہ داری دی گئی ہے ، جس کے بعد ان کے ریٹائرمنٹ کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا نیا پرومو جاری کر دیا

روہت شرما نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں خراب کارکردگی پر تنقید کا نشانہ بنے ، آسٹریلیا کے خلاف بارڈر-گواسکر ٹرافی کے پانچویں ٹیسٹ سے انہیں آرام دیا گیا ۔ روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے دوران صرف 31 رنز بنا سکے تھے۔

بھارتی میڈیا نے اس سے پہلے روہت شرما کے چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کے سفر کا بھی دعویٰ کیا ۔ روہت شرما ٹورنامنٹ کے افتتاحی فوٹوشوٹ اور کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق کپتانوں کا فوٹو شوٹ اور پریس کانفرنس میزبان ملک میں ہوتی ہے۔

روہت شرما کے دورے کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر یہ دورہ عمل میں آیا تو یہ دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک خوشگوار لمحہ ہوگا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے