خلا باز کی طبیعت ناساز ناسا خلائی مشن قبل از وقت ختم کرنے پر مجبور

ناسا نے خلاباز کی طبیعت ناساز ہونے پر اپنا خلائی مشن قبل از وقت ختم کردیا۔

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر ناسا کے 4 خلا بازوں پر مشتمل ایک کریو روانہ ہوا تھا جو اپنا مشن مکمل کرنے سے قبل ہی زمین پر واپس جائے گا۔

اس حوالے سے ناسا کا کہنا ہےکہ ایک خلا باز کی طبیعت ناساز ہونے پر کریو کو واپس بلایا گیا ہے جس نے ایک ماہ کے اوائل میں اپنا مشن مختصر کردیا ہے۔

تاہم ناسا نے بیمار ہونے والے خلا باز کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی اس کی طبی پیچیدگیوں کے بارے میں بتایا گیا ہے البتہ ناسا نے خلا باز کی طبیعت کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

ناسا کے چیف ہیلتھ اینڈ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جیمز پولک نے بتایا کہ ناسا کی 65 سال سے زیادہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی طبی مسئلے کی وجہ سے کوئی مشن جلد واپس آئے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 4 افراد پر مشتمل ٹیم کو کریو 11 کہا جاتا ہے اور اس میں ناسا کے خلاباز زینا کارڈمین اور مائیک فنک، جاپان کی JAXA خلائی ایجنسی سے کیمیا یوئی اور ایک روسی خلاباز اولیگ پلاٹونوف شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کریو 11 گزشتہ سال اگست میں اسپیس ایکس کریو ڈریگن پر آئی ایس ایس کے لیے روانہ ہوا تھا اور توقع کی جا رہی تھی کہ وہ تقریباً 6ماہ تک مدار میں رہے گا۔

 

 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے