ایک کے بدلے10 گولیاں چلائیں گے، علی امین گنڈا پور کاانقلاب کااعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کوئی ہم پر ایک گولی چلائے گا تو اس پر دس گولیاں برسائی جائیں گی ۔

ایک ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں پہلے ہماری عزتوں، چارد اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا لیکن ہم نے ملک کے لیے اف تک نہیں کی، اب ہم پر بھی گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے 2 کارکنوں کو گولیاں ماری گئی، تیسرے کارکن کو گولی ماری گئی جس کا پتہ نہیں چل رہا، ہم پر سیدھے شیل مار کر 50 سے زیادہ کارکنوں کو زخمی کیا گیا، پنجاب کی حدود میں ہر 3 کلو میٹر پر ہم پر شیل اور گولیاں برساتے رہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پورا پاکستان ہمارا ہے، پورے ملک کو مبارک باد دیتا ہوں، آج کئی پولیس اہلکار ہمارے ہتھے چڑھے لیکن میں نے ان کو ریسکیو کیا، پنجاب پولیس کے نوجوانوں اگر اپنے باپ کے اولاد ہو تو بیان دو کے ہم نے تم کو چھوڑ دیا تھا۔

علی امین نے کہا کہ اس کے بعد کوئی گولی برسائے گا ،تو اس پر گولی برسائی جائے گی، تم ایک گولی چلاؤ گے ہم 10 گولی چلائیں گے، تم ایک شیل اور لاٹھی ماروگے ہم 10 ماریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پختونخوا کے لوگو قبائل میں جرگے کرو، سب متحد ہو جائیں، اگر تم لوگ کہتے ہو کہ یہ سب ہمارا ہے، اور وہ ہمیں ماریں گے تو پھر مرنے کے لیے تیار ہو جائیں، یہ میرا واضح پیغام ہے دھمکی نہیں ہے اور یہ اصلاح کی آخری وارننگ ہے۔

علی امین نے کہا کہ ادارے قوم کی آواز نہیں بن سکتے اور قوم کی رائے کی عزت نہیں کرسکتے تو سائیڈ پر ہوجائیں، عوام کے فیصلے عوام کو کرنے دیں، سیاستدانوں کو سیاست کے فیصلے کرنے دیں، ادارے بیچ میں نہ آئیں اور پھر دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے، آج باقاعدہ انقلاب کا اعلان کر رہا ہوں، انقلاب کے علاوہ کوئی حل نہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے