پی ٹی آئی کا جوابی وار: خیبرپختونخوا کے اسپیکر نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط کے ذریعے عدالتی فیصلے پر مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی نے چیف الیکشن کمشنر کو خطوط لکھے ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔
اس تناظر میں مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کے لیے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ دیا۔
2 صفحات پر مشتمل خط میں اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا کسٹوڈین ہوں اس لیے خط لکھ رہا ہوں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔
خط میں کہا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سپریم کورٹ نے فیصلہ دے دیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد مخصوص نشستوں کے معاملہ پر غیر ضروری تاخیر کی جارہی ہے، سپریم کورٹ نے آئین کی روشنی میں مخصوص نشستوں کا فیصلہ جاری کیا، عدالتی فیصلے پر عمل کرتے ہوئے جس پارٹی کا حق بنتا ہے اسے مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے