آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے نئے سپریم لیڈر منتخب

آیت اللّٰہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر نامزد کردیا گیا۔

ایران کی مجلس خبرگان نے قوم سے اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے،ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان نے ایرانی عوام سے نئے سپریم لیڈر سے وفاداری کا عہد کرنے کی اپیل کی ہے۔

ایرانی مجلس خبرگان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے،اس سے قبل سینئر عالم دین آیت اللّٰہ احمد علم الہدیٰ کا کہنا تھا کہ سپریم لیڈر کا باضابطہ اعلان مجلس خبرگان کے سیکرٹریٹ کی جانب سے کیا جائے گا۔

عرب میڈیا نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ مجلس خبرگان کے اکثریتی ارکان مجتبیٰ خامنہ ای کو سپریم لیڈر منتخب کرنے پر متفق ہوگئی ہے۔

برطانوی ٹی وی کا بھی کہنا تھا کہ ایران کی مجلس خبرگان نئے سپریم لیڈر پر متفق ہوگئی ہے، امریکا اور اسرائیل کے حملے میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد اسرائیلی میڈیا بھی اُن کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کے نئے سپریم لیڈر کی حیثیت سے منتخب ہونے کا دعویٰ کرچکا ہے۔

اسرائیلی فوج نے فارسی میں نئے ایرانی رہبر معظم کو دھمکی دی ہے کہ اسرائیلی فوج خامنہ ای کے جانشین کے تعاقب میں ہیں۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر تسلیم کرتے ہو ئے انہیں مبارک باد دی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق جاری بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے مجتبیٰ خامنہ ای سے اپنی مخلص اور تاحیات وفاداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے احکامات سنیں گے اور انہیں نافذ کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 88 رکنی مجلسِ خبرگان کی جانب سے مجتبیٰ خامنہ ای کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلامی نظام کی تحریک نہیں رکے گی اور انقلاب اور اسلامی نظام کسی ایک فرد پر منحصر نہیں۔

ایران کی مسلح افواج نے بھی نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے وفاداری کا عہد کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے