اڈیالہ جیل میں عمران خان کی آنکھوں کا چیک اپ مکمل، کوئی پی ٹی آئی رہنما جیل نہیں پہنچا
راولپنڈی: ماہر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا جس کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق سینیئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں نے تقریباً ایک گھنٹے تک اڈیالہ جیل میں عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم میں ڈاکٹر فاروق، ڈاکٹر سکندر اور ڈاکٹرعارف بھی شامل تھے، ڈاکٹرز آنکھوں کا معائنہ کرنے والے خصوصی آلات بھی ساتھ لائے تھے، ٹیم میں ٹیکنیشن بھی شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی رپورٹ آج ہی مرتب کی جائے گی، ڈاکٹرز کی ٹیم اپنی رپورٹ مکمل کرکےحکومت کو دے گی۔
ذرائع کا مزید کہا ہے کہ میڈیکل ٹیم پی ٹی آئی قیادت کا جیل میں ڈھائی گھنٹے تک انتظار کرتی رہی تاہم پی ٹی آئی کے کسی رہنما کے نہ پہنچنے پر میڈیکل ٹیم نے عمران خان کا معائنہ کیا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 16فروری سے قبل بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی رپورٹ طلب کی تھی۔
اس سے قبل ذرائع کا بتانا تھا کہ ہولی فیملی اسپتال کی ایمبولینس گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر داخل ہوئی جس کے بعد اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ٹیم مختلف طبی آلات اور ادویات بھی ساتھ لائی ہے، طبی ٹیم کی رپورٹ جلد مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہےکہ اپوزیشن اتحاد نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور اسپتال منتقل نہ کرنے تک پارلیمنٹ ہاؤس میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے عمران خان کی آنکھوں کے چیک اپ کے لیے الشفاء آئی اسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں