سانحہ گل پلازہ، ریسکیو آپریشن کے دوران تیسرے فلور سے مزید انسانی باقیات برآمد
گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن نویں روز میں داخل ہوگیا اور اس دوران تیسرے فلور سے انسانی باقیات ملی ہیں۔
ملنے والی انسانی باقیات ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سُمعیہ طارق کے مطابق اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات اسپتال لائی جاچکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 22 جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل ہوچکا ہے، 6 لاشیں قابلِ شناخت تھیں جب کہ 15 لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ممکن ہوئی۔
ڈاکٹر سُمعیہ کے مطابق ایک لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ سے کی گئی۔
واضح رہے کہ کراچی: سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
جیو نیوز کے مطابق سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ نبی بخش تھانے میں درج کرلیا گیا ہے اور مقدمے میں غفلت اور لاپرواہی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ سرکار کی مدعیت میں مقدمہ نامعلوم افرادکے خلاف درج کیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کا گل پلازہ کی ازسرِ نو تعمیر کا فیصلہ:
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے آگ سے متاثرہ گل پلازہ کی ازسرنو تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت اپنے بجٹ سے گل پلازہ کی تعمیر کرےگی، کثیر المنزلہ گل پلازہ کی تعمیر ایک سال کے اندر مکمل کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گل پلازہ کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد دکانیں الاٹیز کو دی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے گل پلازہ کی تعمیر کے لیے ماہرین تعمیرات سے مدد حاصل کرلی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ ہفتے 17 جنوری کی رات مشہور ترین گل پلازہ میں آگ لگ گئی تھی، جس نے پوری عمارت کو تباہ کردیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں