چوہدری محمد ریاض چیف کمشنر پاکستان بوائز سکاؤٹس مقرر
صدر مملکت آصف علی زرداری نے چوہدری محمد ریاض کو پاکستان بوائزسکاؤٹس ایسوسی ایشن کا چیف کمشنر مقرر کر دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق مشیر اور نیشنل کونسل کے ممبر چوہدری محمد ریاض کو پاکستان بوائزسکاؤٹس ایسوسی ایشن کا چیف کمشنر مقرر کر دیا۔
چیف کمشنر چوہدری محمد ریاض نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اور جو نئی ذمہ داری سونپی گئی ہے، اسے کماحقہ ادا کرنے کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں استعمال کروں گا۔
چوہدری محمد ریاض نے مزید کہا کہ پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن ایک فعال ادارہ ہے اور اسے مزید مستحکم بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
چیف کمشنر پاکستان بوائز سکاوٹس ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سکاؤٹس کو زیادہ فعال بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں