اپنی چھت اپنا گھر کے تحت 50 ہزار افراد کو قرضے کی فراہمی کا سنگِ میل عبور، وزیراعلیٰ مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت  تقریباً 64 ہزار درخواست دہندگان کو آسان اقساط یا بلا سود قرضے دیے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 ہزار سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں اور خاندانوں کی رہائش کے لیے تیار ہیں، جبکہ 45 ہزار کے قریب گھر تعمیر کے مراحل میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں نے صرف وعدے کیے، ہم نے لوگوں کے لیے حقیقی گھر تعمیر کیے ہیں۔ یہ منصوبہ عوام کو آسانی فراہم کرنے اور بااختیار بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔

مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ قرضے کسی سیاسی سفارش یا تعصب کے بغیر دیے گئے ہیں اور حکومت کا ارادہ ہے کہ وہ اپنے ہی ریکارڈ کو توڑے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 64 ہزار گھر صرف اینٹوں اور گارے سے بنے ڈھانچے نہیں، بلکہ 64 ہزار خاندانوں کی امیدوں، خوابوں اور زندگیوں کی کہانیاں ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عوام کی تکلیفوں سے آگاہ ہیں، ہر ماں باپ کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایک محفوظ اور پُرسکون چھت مہیا کریں، اور یہی خواب اب حقیقت میں بدل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگست تک گھروں کی تعداد 75 ہزار تک پہنچے گی، سال کے آخر تک ایک لاکھ خاندانوں کو گھر دیے جائیں گے اور اگلے پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر فراہم کیے جائیں گے۔

مریم نواز نے اس تاثر کو رد کیا کہ حکومت صرف لاہور پر توجہ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم پورے پنجاب میں جاری ہے اور اس سے ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک بھی ایسا فرد سامنے نہیں آئے گا جس سے اس کی سیاسی وابستگی کے بارے میں پوچھا گیا ہو۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے