پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پیش قدمی ،جاوید بٹ، رفیق نئیر بھٹو کے قافلے میں شامل

آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اور بڑی تبدیلی سامنے آ گئی ہے، جہاں وزیر ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر جاوید بٹ اور سابق وزیر حکومت چوہدری رفیق نئیر نے اپنے ساتھیوں اور حامیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یہ اعلان فریال تالپور سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ملاقات زرداری ہاؤس کراچی میں ہوئی جہاں پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے جاوید بٹ اور چوہدری رفیق نئیر کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر اور پی پی پی آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری فیصل ممتاز راٹھور اور سینئر رہنما چوہدری محمد ریاض بھی موجود تھے۔

جاوید بٹ اور چوہدری رفیق نئیر نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے آزاد کشمیر کی عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے بھی کہا کہ:

"کشمیر کاز کو مضبوطی سے آگے بڑھانے اور آزاد کشمیر کی ترقی و بہبود کا واحد سیاسی پلیٹ فارم پیپلز پارٹی ہے، جس کی بنیاد قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے رکھی، اور اب یہ جماعت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک نئی سیاسی قوت بن چکی ہے۔”

سیاسی تجزیہ کار اس پیش رفت کو پیپلز پارٹی کی آزاد کشمیر میں بھرپور واپسی اور انتخابات سے قبل پارٹی کی حکمت عملی کا حصہ قرار دے رہے ہیں، جس کے ذریعے پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے مقابلے میں اپنی سیاسی پوزیشن کو مستحکم کر رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے