صدر اور وزیراعظم نےسیدعاصم منیرکو ’بیٹن آف فیلڈ مارشل ‘ سے نواز دیا
اسلام آباد: ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا۔
تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، صدر ن لیگ میاں نواز شریف سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس بھی موجود تھے۔تقریب میں ارکان پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارت کار، سول اورعسکری حکام کے علاوہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز بھی شریک ہوئے۔تقریب میں گلگت بلتستان کےگورنر اور وزیراعلیٰ بھی شریک ہوئے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد بہادرسپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز دینا قابل فخر لمحہ ہے، سید عاصم منیرکو فیلڈ مارشل کا اعزاز دینے کی منظوری پر مجھے بہت مسرت ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم اپنے ہیروز کی خدمات کے معترف ہیں، بھرپور اور مؤثر جواب سے دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا، ہماری عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف بےمثال اور تاریخی فتح حاصل کی، افواج پاکستان نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف بے مثال اور تاریخی فتح حاصل کی،کشیدہ صورتحال میں فیلڈ مارشل عاصم منیرکا جذبہ اور عزم مثالی تھا، وطن عزیز کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیرکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ملکی سلامتی اور خود مختاری کے لیےفیلڈ مارشل کا کردار نہایت اہم ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں