عمران خان نے حکومت کیساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد: بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے آج جیل میں مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا حکومت نے 7 روز میں کمیشن بنانا تھا لیکن اب تک حکومت نے 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا گیا اس لیے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا آج بانی پی ٹی آئی سے میری اور باقی وکلا کی ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ کمیشن نہیں بنایا لہذا مذاکرات ختم کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا مذاکرات کے مزید راؤنڈز نہیں ہوں گے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا ہماری تو بڑی خواہش تھی کہ مذاکرات جاری رہیں اور معاملات آگے بڑھیں لیکن شاید سیاسی اختلافات کی ٹھنڈک اتنی زیادہ ہے کہ اس سے برف پگھل نہیں رہی، افسوس کی بات ہے کہ حکومت کی طرف سے آج تک کوئی اعلان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے بھی کہا تھا کہ اگر حکومت جوڈیشل کمیشن کا اعلان نہیں کرتی تو مذاکرات آگے نہیں بڑھیں گے۔
دوسری جانب حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا حکومتی کمیٹی ایک دو روز میں تحریک انصاف کے مطالبات کا تحریری جواب پیش کر دے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں