وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھمبر میں دانش اسکول سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی درخواست پر بھمبر میں دانش اسکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس منصوبے کی لاگت 2 ارب 95 کروڑ روپے ہوگی۔ اس موقع پر کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں جن میں صدر پاکستان پیپلزپارٹی چوہدری محمد یاسین، صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر، وزراء کرام اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی بڑی تعداد شامل تھی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں اور پاکستان کے درمیان رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کی ترقی کے لئے کیے گئے اقدامات کی بھرپور پذیرائی کی۔ انہوں نے بھارت کے مظالم کے خلاف کشمیری عوام کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ختم نہ ہوئے تو آزاد کشمیر کا ہر شہری قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔
چوہدری انوار الحق نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے بھمبر میں دانش سکول سسٹم جیسے اہم منصوبے دیے ہیں جو مستحق اور لائق طلباء کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے اور بھارت کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں ترقی کے لئے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، اور گزشتہ 20 ماہ میں کرپشن کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی فوج اور قیادت کی قربانیوں کے باعث آزاد کشمیر میں امن اور استحکام قائم ہوا ہے۔
اس منصوبے کے ذریعے، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی حکومت نے آزاد کشمیر میں تعلیم، ترقی، اور فلاحی ریاست کے قیام کی طرف ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں