190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: احتساب عدالت کے جج اڈیالہ جیل پہنچ گئے، فیصلہ کچھ دیر میں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ آج دن ساڑھے 11 بجے سنایا جائے گا۔ عدالتی عملے نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا سنائیں گے، جو پہلے سے محفوظ ہے۔ اس سے قبل 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ 3 بار مؤخر کیا جاچکا ہے۔
احتساب عدالت نے 18 دسمبر 2024 کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا اور فیصلہ سنانے کے لیے 23 دسمبر کی تاریخ دی تھی۔ بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سنانے کے لیے 6 جنوری کی تاریخ مقرر کی، اس کے بعد 13 جنوری کو فیصلہ سنانے کا وقت دیا گیا لیکن تینوں بار فیصلہ نہ سنایا جاسکا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں