آزاد کشمیر : فوج اور پاکستان مخالف بیانیہ ناقابل قبول ، دلیل سے راستہ روکنا ہوگا :شاہ غلا م قادر
صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر شاہ غلا م قادر نے کہا ہے کہ سازشوں کا بھرپور مقابلہ کرینگے کارکنان افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ہم نواز شریف کی قیادت میں متحد اور منظم ہیں مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر میں کوئی اختلاف نہیں ۔رائے مختلف ہو سکتی ہے حتمی فیصلے کا اختیار محمد نواز شریف کے پاس ہے اورمحمد نواز شریف کے فیصلوں کو نہ ماننے والے ماضی کا حصہ بن گئے۔ کوئی سازش کوئی رکاوٹ اب ہمارا راستہ نہیں روک سکتی۔ آپ ابھی سے الیکشن کی تیاری کریں مسلم لیگ(ن) پوری قوت سے الیکشن میںحصہ لے کر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میںنظریاتی تخریب کاری کی جا رہی ہے ہم سب کو مل کر افواج پاکستان اور پاکستان کیخلاف بولنے والوں کا دلیل کیساتھ راستہ روکنا ہو گا آزاد کشمیر کے14حلقے ایل او سی پر ہیں جہاں پر افواج پاکستان ہمارے تحفظ کیلئے دن رات موجود ہیں اور ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔
انہوں نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) خواتین کی بہترین ٹیم بن چکی ہے اور مجھے سب پر فخر ہے۔ کوئی بھی معاشرہ اپنی آبادی کے52فیصد کو گھروں میں بٹھا کر ترقی نہیں کر سکتا خواتین مردوں سے کسی طور کم نہیں ہے اگر مرد کا ایک ووٹ ہے تو عورت کا بھی ایک ووٹ ہے آپ اعتماد کیساتھ آگے بڑھیں پاکستان مسلم لیگ(ن) آپ کو بہترین پلیٹ فارم دے گی۔پاکستان میں آپ کے سامنے کہیں باعث تقلید مثالیں موجود ہیں محترمہ فاطمہ جناح سے لے کربیگم کلثوم نواز،بے نظیر بھٹو اور پہلی خاتون وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف آپ کے سامنے بہترین مثالیں ہیں آزاد کشمیر میںمحترمہ نورین عارف پہلی براہ راست منتخب ممبر قانون ساز اسمبلی ہیں۔مسلم لیگ(ن) اپنے آمدہ انتخابی منشور میں خواتین کیلئے موثر تعلیمی اصلاحات اور فیصلہ ساز ی میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ آپ آئیں مسلم لیگ(ن) کو مضبوط بنائیں میںآپ کویقین دلاتا ہوں کہ آپ کو جماعت میں جائز مقام دیا جائےگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر کی مرکزی نائب صدر محترمہ نورین عارف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین لوکل باڈیز سے لے کر اسمبلی تک اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کریں اور برائے راست الیکشن میں ضرور حصہ لیں آپ مضبوط ہونگی تو اپنے دوسری بہنوں کا بھی تحفظ کر سکتی ہیں۔آپ آزاد کشمیر کے کونے کونے میں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف کا پیغام پہنچائیں اوریقین رکھیں کہ مسلم لیگ(ن) آمدہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور انشاءاللہ شاہ غلام قادر ہمارے وزیراعظم ہونگے۔صدر شعبہ خواتین پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر محترمہ مریم کشمیر ی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جماعت کا تنظیمی سیٹ اپ مرکزی کردار ادا کرتا ہے اور ایک مضبوط تنظیمی سیٹ اپ کے بغیر کوئی بھی سیاسی جماعت یا تنظیم آگے نہیں بڑھ سکتی اور نہ ہی مضبوط تنظیم کے بغیر کامیابی کا حصول ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے باعث فخر ہے کہ مجھے عہدہ صدارت کام کرنے کے بعد ملا ہے اور آج یہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر شعبہ خواتین کا پہلا تاریخی اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں تمام معزز عہدیداران شریک ہیں جوان کی جماعت سے لگن اور وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔آزاد کشمیر بھر سے خواتین آئیں ہمارے دستے کا حصہ بنیں میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ آپ کے عزت وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گامیں صدر جماعت جناب شاہ غلام قادر کی مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے ہمیشہ اپنے اعتماد سے نوازا اور راہنمائی کی۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر شعبہ خواتین کی چیئرمین محترمہ سحرش قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے شاہ غلام قادر نے جماعت کی باگ ڈور سنبھالی ہے قیادت اور مسلم لیگی کارکنان میں فاصلے کم ہوئے ہیں انہوں نے خواتین کو ایک بہترین سیاسی پلیٹ فارم دیا اور الحمدللہ آج شاہ غلا م قادر کی قیادت پر آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں شعبہ خواتین پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کی مرکزی عہدیداران، ضلعی، سٹی صدور و جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر شعبہ خواتین کی جنرل سیکرٹری محترمہ ناصرہ خان نے انجام دئیے۔ اجلاس میں شعبہ خواتین کی مرکزی عہدیداران اورسینئر نائب صدور محترمہ نبیلہ ظفر، محترمہ نصرت درانی، محترمہ نصرت ، ضلعی صدور، سٹی صدور اور جنرل سیکرٹریزنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس میں درج ذیل قراردادیں پیش کی گئی پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر شعبہ خواتین کا یہ اجلاس قائد پاکستان جناب محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان جناب محمدشہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیرجناب شاہ غلام قادر اور پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر خواتین ونگ کی صدر محترمہ مریم کشمیری کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔ آج کایہ اجلاس مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہے بالخصوص مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح اور جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہدکرنے والی خواتین بیگم کلثوم نواز،بے نظیر بھٹو اور پہلی خاتون وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کی سیاسی و سماجی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے اور مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر کی یہ خواتین عہدیدار اس عزم کا اعادہ کرتیں ہیں کہ نظریہ الحاق پاکستان پر کاربند رہتے ہوئے آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی اور تحریک آزادی کشمیرکو منتقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ بھرپور کردار اد ا کریں گی۔
آج کایہ اجلاس معاشرے میں خواتین کے کردار کو زیادہ موثر بنانے پر زور دیتے ہوئے قراردیتا ہے میدان عمل میں خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے اور مضبوط نظام عدل کے ذریعے خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کا خاتمہ کیا جائے تاکہ ریاست جموں وکشمیر میں مساوات اور عدل پر مشتمل ایک فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہوسکے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں