ارشد بھی میرا بیٹا، نیرج کے سلورمیڈل جیتنے پر خوش ہیں: والدہ نیرج چوپڑا
بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی نے ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا ۔
سروج دیوی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نیرج چوپڑا کے سلور میڈل جیتنے پر بھی خوش ہیں، ہمارے لیے سلور بھی گولڈ جیسا ہی ہے، ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا وہ بھی میرا بیٹا ہے وہاں تک پہنچنے کے لیے سب محنت کرتے ہیں۔
سروج دیوی نے نیرج چوپڑا کی پہلی تھرو ضائع ہونے پر کہا کہ کوئی بات نہیں یہ سب تو کھیل کا حصہ، ہم نیرج کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں اور اس بار بھی نیرج کے گھر واپس آنے پر ان کا پسندیدہ کھانا بناؤں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ میدان میں سب کھیلنےکے لیے اترتے ہیں، کسی ایک کو جیتنا ہی ہوتاہے، بات ہریانہ اورپاکستان کی نہیں،یہ خوشی کی بات ہے۔
نیرج چوپڑا کے والد ستیش کمار نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی کامیابی کا دن ہوتا ، یہ دن ارشد ندیم کے لیے اچھا تھا اس لیے وہ گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے، مقابلے میں 12 ممالک مدِ مقابل تھے اور ان 12 ممالک میں سے ایک پاکستان جیتا ہے، ان کا دن اچھا تھا اسی لیے وہ جیت گئے۔ستیش کمار نے مزید کہا کہ اولمپکس میں ہم لگاتار دوسری بار میڈل جیتنے میں کامیاب رہے یہ ہمارے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں