وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کا 4 جنوری کا دن کشمیری بچوں کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے 4 جنوری کو ہندوستان کی جارحیت اور بربریت کا شکار کشمیری بچوں کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے، جس میں محکمہ جنگلات کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس سال کی شجرکاری مہم کو بھی کشمیری بچوں سے منسوب کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کشمیریوں کی پشتبان اور خطے میں امن کی پہچان ہے ،وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر
وزیراعظم نے اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ ہندوستان کے ظلم و بربریت کی طرف مبذول کرانا بتایا ہے۔ چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہندوستان کی قابض افواج کی بربریت سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سینکڑوں بچے شہید ہوئے ہیں۔ پیلٹ گن کے استعمال سے متعدد بچوں کی بینائی متاثر ہوئی اور ہندوستان کی فوج کی فائرنگ اور تشدد سے معصوم بچے زخمی اور معذور ہو گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں سیز فائر لائن کے علاقے میں بسنے والے آزاد کشمیر کے معصوم بچے بھی شہید، زخمی اور معذور ہوئے ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری بچوں کی قربانیوں کو یاد کرنا اور ان کے حقوق کے لیے عالمی سطح پر آواز اٹھانا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں