پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کا تصادم، ایف سی طلب
اسلام آباد جلسے میں آنے والے تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے مابین تصادم ہوگیا جس کے بعد صورتحال پر قابو پانے کے لئے ایف سی کو طلب کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق 26 نمبر چونگی پر جلسے میں آنے والے پی ٹی آئی کارکنوں نے انتظامیہ کے جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی کی ۔ پولیس کے روکنے پر جلسے کے شرکاء نے پتھراؤ کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس موبائل اور پولیس وین پر بھی حملہ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے جوابی شیلنگ کی ۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہےکہ روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والے شرکاء نے پولیس اہلکاروں پر شدید پتھراؤ کیا، پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
حالات پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری طلب کی گئی جس کے بعد حالات پر قدرے قابو پالیا گیا۔ 26 نمبر چونگی پر انتطامیہ نے ایف سی اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی ہے۔
پی ٹی آئی جلسے کے شرکاء کی جانب سے اسلام آباد پولیس پر بلا اشتعال پتھراؤ پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےآئی جی اسلام آباد پولیس سےرپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہےکہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجےکی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے آج پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی تھی جس کے تحت جلسہ7 بجے تک ختم کرنا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسہ منتطمین نے این او سی کے قواعد و ضوابط کےخلاف ورزی کی ہے، پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کردیے ہیں اور جلسہ منتظمین کو بھی کارروائی سےمتعلق آگاہ کردیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے جلسہ گاہ فوری خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے صدر پی ٹی آئی اسلام آباد عامر مغل کو اس حوالے سے لیٹر جاری کردیا ہے۔
ایس ایچ او سنگجانی نے 2 بار جا کر جلسہ منتظمین کو جلسےکا وقت ختم ہونےکا بتایا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں