یو اے ای سے 6 اشتہاری گرفتار، پنجاب میں رواں سال مختلف ممالک سے گرفتار اشتہاریوں کی سنچری مکمل
پنجاب پولیس نے جرائم کی مختلف وارداتوں میں مطلوب مزید 06 خطرناک اشتہاری ملزمان متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لیے جس کے بعد رواں سال مختلف ممالک سے گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد 104 ہو گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس کی خصوصی ٹیم 06 مجرمان کو متحدہ عرب امارات سے لے کر پاکستان روانہ ہوگئی کچھ دیر میں لاہور ائیر پورٹ پہنچے گی۔
ترجمان کے مطابق مجرم اشتہاری قیصر محمود قتل کے مقدمہ میں 10 سال سے تھانہ صدر کامونکی گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب تھا مجرم اشتہاری بابر وسیم شہری کو قتل کرنے کے مقدمہ میں 2 سال سے تھانہ کینٹ گوجرانوالہ کو مطلوب تھا عبدالحسیب خان قتل کے مقدمہ میں 2 سال سے تھانہ سول لائن گوجرانوالہ کو مطلوب تھا ، ذیشان نے تھانہ مخدوم رشید ملتان کے علاقہ میں شہری کو قتل کیا تھا اور 16 برس سے مطلوب تھا جبکہ مجرم اشتہاری ندیم افضل نے تھانہ کنجاہ گجرات کی حدود میں شہری کو قتل کیا تھا اور 03 برس سے مطلوب تھا جبکہ تاج رسول نامی اشتہاری شہری کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے اور فائر مار کر زخمی کرنے کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔
یہ بھی پڑھیں:عدالتی نظام جدید خطوط پراستوار کرنے کا فیصلہ ضابطہ فوجداری میں اصلاحات کا اعلان
ترجمان پنجاب پولی کے مطابق پنجاب پولیس نے انٹرپول سے تمام ملزمان کے ریڈ نوٹس جاری کروائے اور متحدہ عرب امارات پولیس کے ساتھ کلوز کوآرڈینیشن سے ملزمان کو گرفتار کر کے پاکستان منتقل کیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کارروائی پر آر پی او گوجرانوالہ و پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانونی کارروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ایف آئی اے اور انٹرپول کی مدد سے مزید خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کر کے وطن واپس لایا جائے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں