لاہور پریس کلب میں شاعر نزیر قیصر کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

لاہور پریس کلب کی لائبریری کمیٹی کے زیر اہتمام شاعر نزیر قیصر کے اعزاز میں ایک خوبصورت شام منعقد کی گئی، جس کی صدارت ڈاکٹر صغریٰ صدف نے کی۔ اس محفل میں مہمانان خصوصی کے طور پر پروفیسر ڈاکٹر عالم خان اور معاصر کے ایڈیٹر اقتدار جاوید نے شرکت کی۔ نعت کی سعادت یاسمین ظفر نے حاصل کی۔
شہزاد فراموش نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیے اور نزیر قیصر کی زندگی اور ادب سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ نزیر قیصر سابق بھارتی وزیر اعظم اندر کمار گجرال کے گھر میں پلے بڑھے اور بھارت جانے کے بعد، وزیراعظم نے انہیں بھارت میں مستقل سکونت کی پیشکش کی تھی، لیکن انہوں نے پاکستان کی محبت میں بھارتی شہریت کو ٹھکرا دیا۔
لائبریری کمیٹی کے سینیئر رکن سعید اختر نے چیئر مین امجد عثمانی کی غیر موجودگی میں معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نزیر قیصر ایک "لیونگ لیجنڈ” ہیں اور ایسے شاعروں کی تعداد بہت کم ہے۔
ڈاکٹر صغریٰ صدف نے اپنے خطاب میں کہا کہ نزیر قیصر ایک بہت پیار کرنے والے اور خوبصورت شاعر ہیں، جن کی شاعری میں وہ سب کچھ ہے جو دوسرے شاعروں کے ہاں نہیں ملتا۔ پروفیسر ڈاکٹر عالم خان نے فیض احمد فیض اور غالب کا ذکر کرتے ہوئے نزیر قیصر کی شاعری کی تعریف کی اور ان کے ادب کا دائرہ وسیع و عمیق قرار دیا۔ اقتدار جاوید نے نزیر قیصر کو کیٹس اور دیگر مغربی شعراء کے ہم پلہ قرار دیتے ہوئے ان کے اشعار پڑھ کر حاضرین سے داد وصول کی۔
بابا نجمی نے بھی کہا کہ شاعری میں نزیر قیصر کی ایک منفرد پہچان ہے اور انہوں نے اپنی الگ راہ اختیار کر کے کامیابی حاصل کی۔ نزیر قیصر نے بھی اپنی شاعری کی جھلکیاں پیش کیں اور بھرپور داد سمیٹی۔
اس محفل میں پروفیسر محمد عباس مرزا، عرفان صادق، ڈاکٹر صبا کنول عمران، آفتاب جاوید، تانیہ محمودہ اعوان، جاوید آفتاب، ثقلین جعفری، ڈاکٹر پونم نورین اور ڈاکٹر نوشین خالد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اسلام آباد سے صفیہ کوثر اور ڈاکٹر عرفان الحق نے بھی شاعر کو عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
آخر میں طاہر منظور نے نزیر قیصر کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا اور لائبریری کمیٹی کے ارکان طارق کامران، سلمان رسول، شبیر صادق، طاہر اصغر، دین محمد درد، شفقت حسین، عابدہ قیصر، احسان ناز، زیبا ناز اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
اختتام پر، لاہور پریس کلب کی جانب سے نزیر قیصر کو شیلڈ پیش کی گئی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے