رات موٹر وے پر گزارنے کے بعد پی ٹی آئی کا قافلہ اسلام آباد کی جانب رواں دواں

رات برہان انٹرچینج کے قریب ڈھوک گھر میں گزارنے کے بعد پی ٹی آئی کا قافلہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہو گیا ہے۔

 

پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل قافلے نے گزشتہ روز صوابی سے اسلام آباد کی جانب سفر شروع کیا تھا اور احتجاج میں شامل پی ٹی آئی رہنماؤں اور ورکرز نے رات برہان کے قریب ڈھوک گھر میں موٹر وے پر گزاری تھی، قافلے میں شامل کچھ افراد نے رات گاڑیوں اور کچھ نے سڑک پر گزاری تھی۔

 

صبح ہوتے ہی پی ٹی آئی کے قافلے نے اسلام آباد کی جانب دوبار سفر کا آغاز کر دیا ہے اور قافلے نے ہزارہ انٹر چینج کراس کر لیا ہے۔

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور احتجاج کی قیادت کر رہے جبکہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی قافلے میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صوبائی وزراء، پی ٹی آئی رہنما اور ورکرز کی بڑی تعداد بھی احتجاج میں شامل ہے۔

 

دوسری جانب حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔

 

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث آج اسلام آباد، راولپنڈی اور مری کے تمام تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باعث ہر قسم کے احتجاج اور ریلی نکالنے پر پابندی ہے۔

 

ملک میں کسی کو انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیر اعظم

 

کنٹرولر امتحانات راولپنڈی بورڈ تنویراصغر اعوان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پریکٹیکلز امتحانات ملتوی کردیے ہیں، امتحانات بوجہ عام تعطیل ملتوی کیے گئے۔

 

تنویراصغر اعوان کا کہنا ہے کہ پریکٹیکل امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، راولپنڈی کے علاوہ تمام اضلاع میں پریکٹیکلز ڈیٹ شیٹ کے مطابق ہوں گے۔

 

راولپنڈی میں آج انٹرمیڈیٹ کے فزکس، ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کے پریکٹیکلز امتحانات ہونا تھے۔

 

انتظامیہ نے راولپنڈی میں فیض آباد کو کنٹینرز لگا کر مکمل بند کیا ہوا ہے جبکہ فیض آباد کو جانے والی مری روڈ کو ڈبل روڈ کے مقام پر ٹرک کھڑے کرکے بند کر رکھا ہے۔ اس وقت اپنے کام کاج کی غرض سے نکلنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔

 

گجرات میں دریائے چناب کا پل دونوں طرف سے کنٹینرز لگا کر بند رکھا گیا ہے جبکہ جی ٹی روڈ بھی کھاریاں، لالہ موسیٰ اور  سرائے عالمگیر بھی کنٹینرز سے بند ہے۔

 

موٹر ویز کے مختلف سیکشنز آج چوتھے روز بھی ٹریفک کے لیے بند ہیں، جنرل بس اسٹینڈ، بادامی باغ اور بند روڈ کے اڈے بھی بدستور بند ہیں۔

 

صدر آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کا کہنا ہے کہ بس اڈے 4 روز سے بند پڑے ہیں جس کے باعث ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات ہیں، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں لیکن ہمیں کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا، حکومت یا انتظامیہ نے ابھی تک ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے