کراچی دھماکہ ، ذمہ دار افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا:وزیراعظم کی چینی سفیر کو یقین دہانی
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کے ذمہ دار افراد کی جلد از جلد شناخت کے لیے حکومت مکمل طور پر متحرک ہے۔
وزیراعظم نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے چینی سفیر سے ملاقات کی اور چینی قافلے پر دہشتگرد حملے پر اظہار تعزیت اور دہشتگرد حملے میں چینی باشندوں کے ہلاک ہونے پر شدید رنج و الم کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہاکہ واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھناؤنی سازش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، اس واقعے کی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا۔وزیراعظم نے کہاکہ غیر ملکیوں کے لیے سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

اس موقع پر چینی سفیر نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔
چینی سفیر نے معاملے کی مؤثر تحقیقات، ذمہ دار دہشتگردوں کی فوری شناخت اور ان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا،ہمیں امید ہے کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں