ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 6 مسافر جاں بحق

ملتان میں کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹرین کی 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے میں 6 مسافر جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ صبح تقریباً سوا 5 بجے ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب پیش آیا۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا۔حادثے کے بعد متاثرہ مسافر اپنے سامان کے ساتھ ریلوے پٹری کے کنارے بیٹھے رہے، جبکہ اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت بھی بند ہوگئی۔ ملتان ڈویژن کی انتظامیہ جائے حادثہ پر موجود رہی اور امدادی سرگرمیاں جاری رہیں۔ایک مسافر نے دعویٰ کیا کہ روہڑی کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کی بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔ تاہم اس بیان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی اور یہ بھی واضح نہیں کہ اس کا حادثے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔بعض ذرائع نے حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار تیز ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے، تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے