پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ، فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک، 3 جوان شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈرپر خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادی اور فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع باجوڑ میں 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب پاک افغان بارڈرپرخوارج کے ایک گروپ کی نقل وحرکت دیکھی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد جہنم واصل اور 4 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمرحیات اور سپاہی وقار خان شہید ہوئے۔پاکستان مستقل افغان حکومت سے کہتا رہا ہے سرحد کے اطراف مؤثربارڈر منیجمنٹ یقینی بنائے لہٰذا امید ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
آئی ایس پی آرنے مزید بتایا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں