پاکستان کا 77 واں یوم آزادی، ملک بھر کی فضا قومی نعروں اور ملی نغموں سے گونج اٹھی
ملک بھر میں 14 اگست کا آغاز ہوتے ہی 77واں جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے، جونہی گھڑی پر رات کے 12 بجے ملک بھر کی فضا قومی نعروں اور ملی نغموں سے گونج اٹھی۔
یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر کی سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جبکہ شہر شہر، گلی گلی بھی قومی پرچم اور جھنڈیاں آویزاں ہیں۔منچلے نوجوان 12 بجتے ہی سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے جارہے ہیں، جبکہ جگہ جگہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جارہا ہے۔

یوم آزادی پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بیان جاری کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اور وطن کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف زردری نے اپنے بیان میں کہاکہ میں پاکستان کے یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کے لیے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ ایک پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے لیے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہاکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ان وسائل کو بروئے کار لائیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہمیں قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔ قوم کی ہم سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جشن آزادی پاکستان پر اپنے بیان میں کہاکہ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر میں ملک بھر کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ آج کے دن مجھ سمیت پوری قوم اپنے آباؤاجداد اور تحریک پاکستان کے اُن لاتعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے جنوبی ایشیا میں کروڑوں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت، جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں، کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
شہباز شریف نے کہاکہ مملکت خداداد پاکستان علامہ محمد اقبال کے تصور کے عین مطابق 14 اگست 1947 کو قائداعظم محمد علی جناح کی غیر متزلزل اور ثابت قدم قیادت اور ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر ابھرا۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے بانیوں کی بے لوث اور مسلسل جدوجہد کی بدولت پاکستان ان کٹھن مشکلات سے نبرد آزما ہوا جن کا اسے ابتدائی مرحلے میں سامنا تھا۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا ہے، اس کے باوجود پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ یوم آزادی کے اس موقع پر میں اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتے ہیں۔ افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیاں، فرض کی ادائیگی کے لیے سچی لگن اور وطن کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ انتہائی احترام اور تعریف کے مستحق ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں