پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کی غفلت ، ہزاروں لوگ حج پر نہیں جاسکیں گے: وفاقی وزیر
وفاقی وزیرمذہبی امور سرداریوسف نے کہا ہے کہ پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کی غفلت اور کوتاہی کی وجہ سے ہزاروں لوگ حج پر نہیں جاسکیں گے۔ وزیراعظم کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی اپنا کام کررہی ہے جس کی سفارشات کی روشنی میں غفلت کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرداریوسف نے کہا کہ پاکستان کا حج کوٹا ایک لاکھ79ہزار تھا، سرکاری سکیم کے تحت وزارت مذہبی امور سارے کام سرانجام دیتی ہے، دو بار سعودی عرب میں سعودی حکام سے ملاقاتیں کیں۔اس دفعہ کی حج پالیسی نومبر میں منظور ہوئی تھی، حج پالیسی کی منظوری کے بعد اس پر عمل در آمد ہوا، حج کا 50 فیصد کوٹہ سرکاری اور اتنا ہی نجی شعبے کیلئے ہے لیکن نجی شعبے میں بروقت اقدامات نہیں ہو سکے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کی غفلت اور کوتاہی کی وجہ سے ہزاروں لوگ حج پر نہیں جاسکیں گے، نجی شعبے میں آپریٹرز نے تاخیر سے کام لیا، سعودی عرب نے دوبار مہلت دی لیکن نظر انداز کیا گیا۔جب ہمیں معاملےکی خبر ہوئی تو سعودی حکام کو مزید مہلت کی درخواست کی، سعودی پالیسی صرف پاکستان نہیں پوری دنیا کیلئے ہوتی ہے، میں نے اس متعلق وزیراعظم کو بھی آگاہ کیا، ہماری درخواست پر نجی شعبے کو دس ہزار کا کوٹہ دیا گیا اور رواں سال نجی شعبے سے 25 ہزار 698 عازمین سعودی عرب جائیں گے۔
وزیر مذہبی امور کے مطابق 31 مئی تک حج پروازوں کا سلسلہ جاری رہے گا، ہم نے سہولتوں کی فراہمی کیلئے مختلف انتظامات کیے ہیں، سرکاری حج کوٹےپرجانے والے عزیزیہ میں رہائش پذیرہیں، عازمین کوسہولتیں فراہم کرنےوالی کمپنیوں کومکمل انتظامات کی ہدایت کی ہے اور کوشش ہے سب کو ایک جیسی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں