سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ بے نقاب
ایف آئی اے امیگریشن سرکل نے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائیاں کرتے ہوئے شہریوں کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ کو بے نقاب کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ موریطانیہ سے کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں سے پوچھ گچھ جاری ہے، مسافروں کا تعلق حافظ آباد، گجرانوالہ اور سوات سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی بینک کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ایجنٹوں نے یورپ کیلئے مسافروں سے 25 اور 35 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر دبئی، سعودی عرب اور قطر کے راستے موریطانیہ پہنچے اور موریطانیہ پہنچنے پر ایجنٹوں نے مسافروں کو غیرقانونی طور پر یورپ بھیجنے کی کوشش کی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں نے سمندر کے راستے غیر قانونی سفر کرنے سے انکار کر دیا اور واپس آگئے، مسافروں کو ایجنٹوں کی نشاندہی کیلئے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال جاری ہے، ایجنٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں