آئیں ملکر معاملات کو سلجھائیں ، حکومت کی پھر تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش

حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کر دی۔

وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے پریس کانفرنس کے دوران مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ آئیں مل کر بیٹھیں ، بات کرتے ہیں، معاملات کو سلجھاتے ہیں ، آپ کہتے ہیں ملک گیر پہیہ جام کریں گے، بات کرو ، برباد مت کرو، سلجھاؤ ، ملک کو الجھاؤ نہیں ، ہمیں ہٹانا ہے تو ہٹا دیں، جب پیپلز پارٹی نے کہا کہ آئیں ہم آپ کی سپورٹ کریں گے، حکومت بنائیں تو آپ نے کیوں حکومت نہیں بنائی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کے ذہن میں صرف 3 چیزیں ہیں، اولین ترجیح غریب کے بچے کو روزگار دینا ہے ، دوسرا مہنگائی کے بوجھ کو ختم کرنا ہے اور تیسرا غربت کو ختم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو معلوم ہے کس نے کیا کیا ہے؟ آج تک کسی کے منہ سے سنا ہے مہنگائی کو کیسے ختم کریں گے؟ کپتان نے کہا کہ فوج کو نیوٹرل ہونا چاہیے، چیلوں نے کہا فوج کو نیوٹرل ہونا چاہیے، کپتان نے کہا قبر تک پیچھا کریں گے، چیلوں نے9 مئی انجام دے دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انتشار کی سیاست کرنیوالے ملک کے خیر خواہ نہیں ، پچھلے دنوں ٹرینڈ چلا تھا کپتان نہیں تو پاکستان نہیں، کپتان نے کہا کہ امریکا سازش کررہا ہے اور سائفر لہرایا ، لوگوں نے بھی کہا کہ امریکا تو ہمارے ملک کے خلاف ہے، اس نے ہماری آئین اور ملک کو پامال کیا ہے، فوج ہمیں بچائے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر ترقی میں رکاوٹیں کھڑے کر رہے ہیں ، پاکستان ہے توہم سب ہیں ، بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں ن لیگ اسٹیبلشمنٹ سے ہماری لڑائی کرا رہی ہے، انہوں نے واضح بیان دیا کہ ملک تباہ کر دیں گے،اور وہ کررہے ہیں، 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ، ہم کہتے ہیں دہشتگردی کو ختم کریں اور آپ کہتے ہیں ہم آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج آپ اُدھم مچارہے وہ آپ اپنے بچوں کے مستقبل کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں ، ہمیں ہٹانا ہے ہٹا دیں ،ملک ایسے ہی چلتا رہا تو برباد ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے