ایک بھیڑیے نے سائنسدانوں کو دنگ کیوں کر دیا؟

جب کسی بھیڑیے کا سامنا شکار سے ہوتا ہے تو وہ وجدانی طور پر اس پر جھپٹتا ہے۔

مگر کینیڈا میں ایک بھیڑیے نے سائنسدانوں کو دنگ کر دیا کیونکہ اس نے کچھ ایسا کیا جس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔

مغربی کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں اسٹیٹ یونیورسٹی آف نیویارک کے سائنسدانوں نے ایک ایسی ویڈیو ریکارڈ کی جو ان کے لیے حیران کن ثابت ہوئی۔

اس ویڈیو میں ایک بھیڑیا گہرے پانی میں کیکڑے پکڑنے کے لیے ڈالے گئے جال کو کھینچ رہا تھا۔

محققین کے مطابق یہ پہلی بار ہے جب جنگلی بھیڑیوں کو کسی ٹول کو استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آنکھوں پر یقین ہی نہیں آیا جب ہم نے ویڈیو کو دیکھا۔

اس حوالے سے ایک تحقیق کے نتائج جرنل Ecology and Evolution میں شائع ہوئے اور یہ ویڈیو حادثاتی طور پر ریکارڈ کی گئی تھی۔

برسوں سے اس خطے میں کیکڑوں کو پکڑنے کے لیے جال گہرے پانی میں ڈوبے رہتے ہیں اور اس کا مقصد وہاں بس جانے والے یورپین کیکڑوں کو ختم کرنا ہے۔

یہ محققین Heiltsuk First Nation نامی ادارے کے ساتھ ملکر کام کر رہے تھے اور انہوں نے مشاہدہ کیا تھا کہ جال پراسرار طور پر پانی کے کنارے پر پہنچ جاتے ہیں اور ان پر لگا چارہ غائب ہو جاتا ہے۔

ان کا خیال تھا کہ پانی میں موجود کوئی شکاری ایسا کر رہا ہے۔

تو انہوں نے مئی 2024 میں کیمروں کو وہاں نصب کیا تاکہ اس اسرار کو حل کیا جاسکے۔

انہوں نے دریافت کیا کہ ایک مادہ بھیڑیا اس جال کو کھینچ کر کنارے پر لائی اور پھر اس پر لگے چارے کو کھالیا۔

محققین نے بتایا کہ یہ بہت سوچا سمجھا عمل تھا اور کسی جنگلی جانور کی جانب سے جارحانہ انداز سے خوراک کی تلاش کرنا نہیں تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ بہت حیران کن رویہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھیڑیا وہاں آیا اور جال کو تیرتے دیکھا، تو اسے معلوم تھا کہ اس کے ساتھ کیا موجود ہے، پھر اس نے اسے کھینچ لیا تاکہ کھانا مل سکے، یہ بہت زیادہ ذہانت آمیز عمل تھا اور واقعی حیران کن رویہ تھا۔

البتہ محققین نے کہا کہ انہیں علم نہیں کہ جنگلی بھیڑیوں میں اس طرح کی ذہانت کی سطح کیا ہوسکتی ہے۔

 

 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے