بیوی کیساتھ شاپنگ پر جانے سے بچنے کیلئے شوہر نے اپنی ہی گاڑی چوری کی کہانی بنادی

اکثر مرد حضرات اپنی خواتین کے ساتھ شاپنگ کرنا کچھ زیادہ پسند نہیں کرتے، پھر چاہے وہ والدہ ہوں، بہن ہو یا بیوی، مرد اس سے پیچھا چھڑوانے کی کوشش کرتے ہیں۔

اسی حوالے سے ایک انتہائی عجیب و غریب واقعہ سامنے آیا جب ایک روسی شخص نے اپنی ہی گاڑی چوری کرنے کی واردات صرف اس لیے کی تاکہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ شاپنگ کرنے جانے سے بچ سکے۔

یہ واقعہ مبینہ طور پر اپریل میں پیش آیا لیکن علاقائی پولیس نے اکتوبر میں پریس کے سامنے اس کا انکشاف کیا۔

پولیس کے مطابق ایک خاتون نے ایمرجنسی نمبر پر کال کرکے اطلاع دی کہ اس کے شوہر کی گاڑی ان کے گھر کے قریب پارکنگ سے چوری ہوگئی ہے، بعد میں اس نے دوبارہ فون کرکے اطلاع دی کہ انہیں کار کراسنویارسک کے اوٹڈیخا جزیرے پر ملی ہے۔

جب پولیس گاڑی کا معائنہ کرنے پہنچی تو انہیں زبردستی داخل ہونے کے نشانات اور اگنیشن سوئچ کے خراب ہونے کے آثار ملے لیکن مذکورہ شخص سے پوچھ گچھ کے بعد افسران کو شک ہونے لگا کہ وہ سچ نہیں کہہ رہا تھا۔

اچھی طرح تحقیقات کے بعد اور تمام شواہد کا تجزیہ کرنے کے بعد پولیس اس نتیجے پر پہنچی کہ اس شخص نے اپنی بیوی کے ساتھ شاپنگ پر جانے سے بچنے کے لیے یہ کھیل رچایا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے