برطانیہ نے پاکستانی یو ٹیوبر رجب بٹ کو ڈی پورٹ کر دیا

برطانیہ نے پاکستانی یو ٹیوبر رجب بٹ کا ویزہ منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈی پورٹ کر دیا ہے۔ رجب بٹ آج صبح کی پرواز سے پاکستان روانہ ہوئے ہیں۔

 

برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ کا ویزا منسوخ کرکے ڈی پورٹ کردیا ہے۔ رجب بٹ کے ویزا کی منسوخی کی وجہ انکی جانب سے جمع کرائی گئی نامکمل دستاویزات بتائی جارہی ہیں۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ رجب بٹ کے خلاف پاکستان میں درج مقدمات کو ویزا اپلیکیشن میں ظاہرنہ کرنے پر برطانیہ میں انکا ویزا منسوخ کیا گیا۔

 

رجب بٹ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں ایف آئی آر درج ہے، جس میں ان پر سوشل میڈیا پر غیرقانونی جوا ایپس کی تشہیر کا الزام ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق یہ ایپس صارفین کو لوٹنے میں ملوث تھیں اور رجب بٹ نے مبینہ طور پر اپنی ویڈیوز میں ان کی پروموشن کی۔

 

اس سے قبل رجب بٹ کے خلاف لاہور میں توہینِ مذہب اور سائبر کرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوچکا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انکی لانچ کردہ پرفیوم ’295‘ نے مذہبی عقائد کی توہین اور اشتعال پیدا کیا۔ گزشتہ سال دسمبر میں انہیں اپنے گھر میں غیرقانونی اسلحہ اور شیر کا بچہ رکھنے کے الزام میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

 

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستانی حکومت برطانیہ سے مطلوب افراد کی حوالگی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

 

گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی سمیت اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

پاکستانی حکومت کی جانب سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی شہریوں شہزاد اکبر اور عادل راجا کے ایکسٹریڈیشن سے متعلق دستاویزات بھی برطانیہ کے حوالے کی گئ ہیں اور انکی حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کیا گیا ہے۔

 

 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے