’ماہرہ سے سارے شکوے ختم ہو گئے‘ ، خلیل الرحمن اور اداکارہ کا رابطہ کیسے بحال ہوا؟
پاکستان کے معروف ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمن قمر نے سپر سٹار ماہرہ خان سے سارے گلے شکوے ختم کرتے ہوئے ان کے ساتھ مستقبل میں کام کرنے کیلئے رضامندی کا اظہار کردیا۔
حال ہی میں ماہرہ خان نے ایک انٹرویو کے دوران خلیل الرحمن سے تنازع کے سلسلے میں اپنی غلطی کااعتراف کیا تھا۔ماہرہ نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ’میں نیلوفر کی شوٹنگ کر رہی تھی اور رات کے 4 بجے میں نے یہ خبر دیکھی جس میں خلیل الرحمن ایک عورت کے ساتھ بدتمیزی حتیٰ کہ گالیاں دے رہے تھے، میں نے یہ بنا جانے کے وہ عورت کون ہے غصے میں ٹوئٹ کردی۔
بعد ازاں جب ایک انٹرویو کے دوران خلیل الرحمن قمر سے ماہرہ خان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ‘ماہرہ نے حال ہی میں انٹرویو میں یہ اعتراف کیا کہ ان سے غلطی ہوئی، میں بھی یہی کہتا تھا کہ ماہرہ کو ٹوئٹ کرنے سے قبل مجھ سے بات کرنی چاہیے تھی، میں ماہرہ کا بہت احترام کرتا ہوں اتنا کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا وہ بھی میرا بہت احترام کرتی تھی ، ماہرہ ہمیشہ سے میری پسندیدہ رہی ہے اور اب بھی ہیں، میں نے ماضی میں جب بھی ان پر تنقید کی اس سے مجھے خود بھی تکلیف ہوتی رہی ۔’
خلیل الرحمن نے مزید کہا کہ ’اب جب میں نے ان کا انٹرویو دیکھا تو ان کو میسیج کرکے کہا کہ آج سے میرے تم سے سارے گلے شکوے ختم ہوگئے،انشااللہ مستقبل میں ماہرہ کے ساتھ کام بھی کروں گا‘۔
دوران گفتگو ماہرہ نے خلیل الرحمن قمر کے خلاف اپنی ٹوئٹ پر کہا تھا کہ میں نے خلیل الرحمن کی کہانی ’صدقے تمہارے ‘ کا پروجیکٹ کیا تھا اور یہ پروجیکٹ ہم سب نے بہت پیار سے کیا ، اگر خلیل الرحمن کیخلاف ٹوئٹ کی بات کروں تو اس معاملے میں ، میں غلط تھی، مجھے خلیل الرحمن کو فون کرنا چاہیے تھا، وہ بالکل صحیح کہتے ہیں کہ مجھے ٹوئٹ کرنے سے قبل براہِ راست ان سے پوچھنا چاہیے تھا اور یہی میری غلطی تھی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں