گھر میں ڈکیتی ،مزاحمت پر سیف علی خان شدید زخمی، اسپتال منتقل
بالی وڈ اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی اور مزاحمت پر اداکار زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مزاحمت پر سیف علی خان زخمی ہوگئے جنہیں لیلاوتی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعہ رات 2 بج کر 30 منٹ پر ممبئی میں باندرا میں اداکار کے گھر پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں : لاس اینجلس آتشزدگی، انجلینا جولی نے اپنے گھر کے دروازے کھول دیے
بھارتی میڈیا کے مطابق نامعلوم شخص نے چوری کی نیت سے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سیف علی خان نے مزاحمت کی تو ملزم فرار ہوگیا۔ رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اداکار پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئے، جب کہ گھر والے محفوظ رہے۔
اداکار کی لیلاوتی اسپتال میں سرجری کردی گئی ہے، اسپتال کے سی او او ڈاکٹر نیرج اُتمانی کے بیان کے مطابق سیف کو چاقو کے وار سے چھ زخم آئے جس میں سے دو کافی گہرے تھے۔ ڈاکٹر کے مطابق ان میں سے ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے نزدیک تھا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے جب کہ گھر والوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جارہے ہیں اور پولیس گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے ملزم کی شناخت کی کوشش کررہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان اپنی اہلیہ کرینہ کپور اور دو بچوں کےساتھ باندرا کے گھرمیں رہائش پذیر ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں