نائب وزیراعظم سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات، افغان مہاجرین کے بحران پرگفتگو
امریکہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں دہشتگرد حملوں خاص طور پر حالیہ صورت کی شدید مذمت کرتا ہے اور انسداد دہشتگردی کی پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
امریکی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے جس میں افغان مہاجرین کی صورتحال، معاشی مشکلات اور انسداد دہشتگردی کی کوششوں سمیت اہم چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
امریکی سفارت خانے کے ترجمان جوناتھن لالی کے مطابق سفیر ڈونلڈ بلوم اور نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ امریکی سفیر اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم نے افغان پناہ گزینوں اور پناہ گزینوں کے تحفظ، اقتصادی تعاون، سلامتی اور انسداد دہشتگردی اور علاقائی تعاون سمیت دو طرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی سفیر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے قبل پاکستان کی ترجیحات کے بارے میں نائب وزیر اعظم کی مثبت گفتگو کا خیر مقدم کیا کیونکہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی مدت کا آغاز کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔گزشتہ سال نومبر سے اب تک پاکستان نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے میں تقریباً 7 لاکھ افغان شہریوں کو واپس اپنے ملک بھیجا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں