واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے اعلیٰ پارلیمانی وفد کے اعزاز میں استقبالیہ، پاک-امریکہ تعلقات، علاقائی امن اور اوورسیز کمیونٹی کے کردار پر زور

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے پاکستان سے آئے ہوئے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں امریکہ بھر سے پاکستانی نژاد کمیونٹی کے سرکردہ اراکین نے شرکت کی۔

تقریب میں پاک-امریکہ تعلقات، خطے میں استحکام، اور بیرون ملک پاکستانیوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کلیدی خطاب میں امریکی پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا پل قرار دیا اور انہیں امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر کشیدگی میں تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن صرف جامع مکالمے سے ہی ممکن ہے اور عالمی برادری کو اس میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے بھارت سے معمول کے تجارتی تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پرامن جنوبی ایشیا تمام ممالک کے لیے معاشی ترقی کا ضامن ہو سکتا ہے۔

تقریب میں شریک پاکستانی نژاد امریکیوں نے حکومت پاکستان اور مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ آخر میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفارتخانے کے عزم کو دہرایا کہ وہ پاکستان کے مثبت بیانیے کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے