گوادر پورٹ پاکستان کے اقتصادی مستقبل کے لیے اہم ہے: سیدال خان

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے  کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ سمال انڈسٹریز کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، بلوچستان کی اقتصادی صورت حال، کاروباری چیلنجز اور صوبے کی اقتصادی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ   نے تفصیلی گفتگو کی۔

سیدال خان نے  تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ  ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ، حکومت ملکی معیشت کی بحالی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ   نے بلوچستان کے کاروباری ماحول کی بہتری کے حوالے سے کوئٹہ چیمبر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ معاشی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ایک سازگار ماحول کی ضرورت ہے، جس کے لیے حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

 سیدال خان نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک (چین پاکستان اقتصادی راہداری) اور گوادر پورٹ پاکستان کے اقتصادی مستقبل کے لیے اہم ہیں اور ان منصوبوں کا فائدہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو پہنچے گا۔گوادر پورٹ کو پاکستان اور پورے خطے کے لیے معاشی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کامیابی سے بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ   نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس انسانی وسائل کا بڑا خزانہ ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو فنی مہارت اور تربیت کے ذریعے ملک کے قیمتی اثاثے میں تبدیل کیا جائے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا اور خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں میں شرکت کو فروغ دینا ہوگا۔

اس دورے کے دوران، بلوچستان کے تاجروں اور کاروباری برادری نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور ان سے امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے