وزیراعظم شہباز شریف اور چینی ہم منصب کی ملاقات، نئے کاریڈورز پر ملکر کام کرنے پر اتفاق

وزیراعظم پاکستان  شہباز شریف نے 4 ستمبر 2025 کو بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی۔وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد چینی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں پروقار ظہرانہ دیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے غیر متزلزل حمایت پر چینی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان 2 ستمبر کو ہونے والی ملاقات کے فیصلوں کے تناظر میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر مشترکہ ایکشن پلان (2024-2029) پر دستخط کو اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کے مثبت نتائج چین کی بھرپور حمایت سے ممکن ہوئے ہیں۔انہوں نے جلد چینی کیپٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرنے کے پاکستان کے ارادے سے بھی آگاہ کیا۔

اقتصادی تعاون پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے سی پیک کو پاکستان کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا اور قراقرم ہائی وے و ریلوے لائن-1 کی بحالی اور گوادر پورٹ کے جلد فعال ہونے پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے سی پیک فیز-2 کے تحت پانچ نئے اقتصادی راہداریوں پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ بیجنگ میں منعقدہ سرمایہ کاری کانفرنس میں 300 پاکستانی اور 500 چینی کمپنیاں شریک ہوں گی۔انہوں نے زراعت، کان کنی، ٹیکسٹائل، صنعت اور آئی ٹی کو ترجیحی شعبے قرار دیا۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے عالمی اقدامات، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔دونوں ممالک نے 2026 میں پاک چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ شاندار انداز میں منانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر سی پیک فیز-2، سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی، میڈیا اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے