9 مئی کو ملک گیر فسادات کرنے والے پھر سے پُرتشدد کارروائیاں کررہے ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے ہکلہ کے مقام پر پولیس اہلکار کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب جب ملک ترقی کی منازل طے کرنے لگتا ہے،شر پسند عناصر ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ شروع کر دیتے ہیں۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ احتجاج کیلئے آئے لوگوں کی جانب سے پولیس اہلکار کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کانسٹیبل مبشر شہید کے اہل خانہ سے تعزیت اور انکی بلندی درجات کی دعا کی اور واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم کی احتجاج کے دوران پتھراؤ و تشدد کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد پر امن احتجاج کے نام پر پولیس اہلکاروں پر حملہ قابل مذمت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک میں کسی کو انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار امن و امان قائم کرنے کیلئے ڈیوٹی پر مامور ہیں، 9 مئی کو ملک گیر فسادات برپا کرنے والے ایک بار پھر سے پُرتشدد کارروائیاں کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 46 سالہ شہید کانسٹیبل مبشر کے کم سن بچوں کی دنیا شرپسند عناصر کے ہاتھوں اجڑ گئی ہے، جب جب ملک ترقی کی منازل طے کرنے لگتا ہے،شر پسند عناصر ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ شروع کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کانسٹیبل مبشر شہید کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، کانسٹیبل مبشر ایک ایسے گروہ کے ہاتھوں شہید ہوئے جو ملکی ترقی کا دشمن ہے، نام نہاد امن پسند احتجاجیوں کا پولیس اہلکاروں کو زخمی اور شہید کرنے کا عمل قابل مذمت ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں