آئی ایم ایف پیکج :کل منظوری متوقع ، پاکستان بجٹ میں رد و بدل کے لئے تیار
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کل پاکستان کے لئے قرض پروگرام کی منظوری دینے کا جائزہ لے گا، پاکستانی حکام پیکج کی منظوری کے لئے پر امید ہیں۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس کل بدھ کے روز ہو رہا ہے ۔
پاکستان کی وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈاجلاس میں پاکستان کے لئے پیکج کی منظوری دی جائے گی۔
ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کے بعد پاکستان کو قرض پروگرام کی پہلی قسط جاری کر دی جائیگی ۔ سات ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی پہلی قسط ایک ہفتے کے اندر پاکستان کو مل جائیگی ۔ اجلاس سے قبل وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف سے ڈیٹا کا تبادلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں حتمی ڈیٹا کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ وزارتوں اوراداروں میں ڈیٹا فائنل کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ قرضوں ،محصولات ،سود کی ادائیگیوں کے ممکنہ حجم پر ڈیٹا کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ ان ادائیگیوں کو 30ستمبر تا 30جون 2025 ء تک کی ٹائم لائن فراہم کی جائے گی ۔
ٹائم لائن کےمطابق ادائیگیوں میں مشکلات کی تفصیل دی جائے گی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے فراہم کردہ ڈیٹا پر آئی ایم ایف پیکیج کا پالیسی فریم ورک پیپر فائنل کیا جائے گا۔اس ٹائم ٹیبل کے تحت موجودہ بجٹ میں تبدیلیوں کی فہرست تیار کی جائے گی
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں