بلوچستان کے وزیر بلدیات سردار سرفراز چاکر ڈومکی انتقال کر گئے
رکن صوبائی اسمبلی و صوبائی وزیر بلدیات بلوچستان سردار میر سرفراز چاکر ڈومکی طویل علالت کے بعد آج کراچی میں انتقال کرگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سردار سرفراز چاکر ڈومکی پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اورگزشتہ 10 روز سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
وزیر بلدیات کے انتقال پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی ایک زیرک اور معتبر سیاست دان اور قبائلی شخصیت تھے، مرحوم نے بلوچستان کے سیاسی اور قبائلی نظام میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سردار سرفراز چاکر خان ڈومکی موجودہ بلوچستان کابینہ کے متحرک رکن تھے، ان کی رحلت سے گہرا صدمہ پہنچا جبکہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرفراز چاکر ڈومکی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے سردار سرفراز چاکر ڈومکی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔
سرفراز چاکر ڈومکی کے بھائی حیربیار ڈومکی نے کہا کہ سرفراز چاکر ڈومکی کی میت آج کراچی سے لہڑی منتقل کی جائے گی، ان کی تدفین لہڑی میں آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سردار سرفراز ڈومکی کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا جو پی بی 8 سبی سے کامیاب ہوئے تھے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں