گرفتار 9 ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں، عامر ڈوگر کا اسپیکر قومی اسمبلی کو خط
قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے اجلاس میں شرکت کے لیے گرفتار اپوزیشن ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط ارسال کردیا ہے۔عامر ڈوگر نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے گرفتار 9 ارکان کو ایوان کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دینے کے لیے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ کسی بھی حلقے کو قومی اسمبلی میں نمائندگی سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔اپوزیشن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی، قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے رول 108 کے تحت گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کریں تاکہ وہ اجلاس میں شرکت کرسکیں۔عامر ڈوگر کے مطابق گرفتار ارکان میں حاجی امتیاز احمد چوہدری، جمال احسن خان، میاں غوث محمد، ثنا اللہ خان مستی خیل، داوڑ خان کنڈی، جنید اکبر، امجد علی خان، فضل محمد خان اور عادل خان بازی شامل ہیں۔اپوزیشن چیف وہپ نے اسپیکر سے درخواست کی ہے کہ مذکورہ تمام ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرکے انہیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا موقع دیا جائے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں