بھارتی طیاروں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی پابندی میں ایک ماہ کی توسیع
پاکستان نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی ہے، جس کے بعد یہ پابندی 24 اکتوبر 2026 تک برقرار رہے گی۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستانی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے ساتھ ساتھ بھارتی ایئرلائنز یا آپریٹرز کی جانب سے چلائے جانے والے، ملکیت یا لیز پر لیے گئے طیاروں کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوگی۔ پابندی کا اطلاق فوجی پروازوں پر بھی ہوگا۔پاکستان نے یہ فضائی پابندیاں 2025 میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں عائد کی تھیں۔ اس کے بعد سے بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی میں متعدد مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے۔فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو یورپ، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے پروازوں میں متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں، جس کے نتیجے میں پروازوں کے دورانیے میں اضافہ اور ایندھن کے اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق اس صورتحال کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو اب تک لاکھوں ڈالر کے اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی پابندی میں مسلسل توسیع کی جارہی ہے۔ تازہ فیصلے کے تحت پابندی مزید ایک ماہ، یعنی 24 اکتوبر 2026 تک نافذ رہے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں 24 ستمبر تک توسیع کی تھی، جس کی مدت مکمل ہونے سے قبل اب اس میں مزید ایک ماہ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں