پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے تباہ ہوئے: ٹرمپ نے ایک بار پھردہرا دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کیا اور ساتھ ہی غزہ کی تازہ صورتحال سے متعلق سوالات کا جواب بھی دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہاکہ پاک بھارت جنگ کے دوران 7 طیارے تباہ ہوئے تھے اور یہ خدشہ پیدا ہوگیا تھا کہ کہیں جوہری تصادم شروع نہ ہوجائے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس نازک وقت پر انہوں نے مداخلت کی اور دونوں ممالک کو خبردار کیا کہ اگر وہ لڑائی جاری رکھتے ہیں تو امریکا ان سے تجارتی تعلقات قائم نہیں رکھے گا۔ ٹرمپ کے مطابق اسی سخت مؤقف کے نتیجے میں جنگ کو روکا گیا۔

امریکی صدر نے فخریہ انداز میں کہا کہ اب تک انہوں نے دنیا کے مختلف خطوں میں سات بڑی جنگیں ختم کروائیں جن میں پاک بھارت جنگ بھی شامل ہے۔

غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کے باعث 5 صحافیوں کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ انہیں اس واقعے کے بارے میں تفصیلات معلوم نہیں، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ غزہ میں لڑائی بند کی جائے۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ وہ اس صورتحال پر مطمئن نہیں ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایسے دل خراش مناظر دوبارہ نہ دیکھنے کو ملیں۔ انہوں نے  زور دیا کہ خطہ امن کی طرف بڑھنا چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں کہاکہ دنیا کے مختلف حصوں میں امریکی پرچم کو جلایا جا رہا ہے اور اسے آزادی اظہار کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، مگر ان کے مطابق اب اس عمل کو ختم ہونا چاہیے۔

ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہاکہ وہاں ہونے والے فوجی آپریشن میں داغا جانے والا ہر میزائل اپنے ہدف پر لگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کی حکمتِ عملی نے ایران کو ایٹمی ہتھیار تیار کرنے سے روک دیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے