بھارتی فوج کا مزاحمت کاروں کے خلاف 12 روزہ آپریشن ناکام، 9 فوجی ہلاک

مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں بھارتی فوج کا طویل آپریشن انجام کو پہنچا اور فوجی خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ آپریشن 12 روز تک جاری رہا جس کے دوران محصور بھارتی اہلکار کھانے پینے کی اشیا سے محروم ہوکر بھوک اور پیاس کے عالم میں مٹی کھانے پر مجبور ہوگئے۔

کولگام کی یہ کارروائی بھارتی فورسز اور کشمیری مزاحمت کاروں کے درمیان حالیہ برسوں کی سب سے طویل جھڑپ ثابت ہوئی، جس میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کرنل سمیت 14 اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ اس دوران استعمال کیے گئے ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز بھی کوئی نتیجہ نہ دے سکے۔

رپورٹ کے مطابق آپریشن کے اختتام سے قبل ایک بھارتی فوجی نے اپنے آخری پیغام میں کہا ’پانچ دن سے کھانے پینے کو کچھ نہیں، فوجی مٹی کھا کر زندہ ہیں۔‘

کشمیر نیوز آبزرور نے بھارتی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مزاحمت کار بھارتی محاصرہ توڑ کر قریبی جنگل میں محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

ادھر حریت کانفرنس نے کلگام آپریشن کو بھارتی فوج کی حالیہ سب سے بڑی شرمناک ناکامی قرار دیتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت سیاسی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ایسے بے مقصد فوجی آپریشن کرواتی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے