مون سون ہوائیں سندھ میں داخل، کل سے بارشوں میں اضافہ متوقع

مون سون ہوائیں سندھ کے جنوبی حصوں میں داخل ہورہی ہیں جس کے سبب  کل سے بارشوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں سندھ کے جنوبی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے تحت آج تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، میرپورخاص اور حیدرآباد کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، دادو، خیرپور، سکھر اور کراچی میں ہلکی بارش متوقع ہے جب کہ سندھ کے دیگر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود، گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ایک اور طاقتور سسٹم ملک میں وسیع پیمانے پر بارشوں کا سبب بن سکتا ہے، سسٹم 5 سے 10جولائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرکو متاثر کرے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ اس سسٹم کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ میں خاطر خواہ بارشیں ابھی نظر نہیں آرہیں تاہم کے پی،کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن اور ڈی جی خان میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جب کہ نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، 6 سے 8 جولائی کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے