ایران میں موساد کمانڈوز کی کارروائیاں،تفصیلات سامنے آگئیں

 ایران میں اسرائیلی فضائی حملوں سے کچھ دیر قبل ایرانی سرزمین پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے کمانڈوز کی کارروائیوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق موساد کمانڈوز کی کارروائیوں نے اسرائیلی حملے کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادار کیا۔

 غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق موساد نے ایران کے اندر مختلف اہم مقامات پر خفیہ کارروائیاں انجام دیں جن میں کھلے علاقوں میں موجود زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایرانی میزائل سسٹمز کو گائیڈڈ ہتھیاروں سے نشانہ بنانا شامل تھا۔

موساد کی خفیہ کارروائیوں میں ایرانی فضائی دفاعی نظام کو غیر مؤثر کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا اور ایرانی دار الحکومت تہران کے قریب خفیہ ڈرون بیس آپریٹ کرنا بھی شامل تھا۔اسرائیلی فوج کی جانب  سے موساد کی خفیہ کارروائیوں کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جو کہ ایک انتہائی غیر معمولی اقدام ہے۔

ایران پر ہونے والا اسرائیلی حملہ  فوج اور موساد کی مشترکہ منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا۔اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ موساد کے ایجنٹس نے تہران کے قریب ایک خفیہ ڈرون بیس قائم کی جسے اسرائیلی حملوں  سے کچھ دیر قبل فعال کیا گیا۔ اس بیس سے اڑنے والے ڈرونز سے اسرائیل پر حملے کے لیے تیار ایرانی میزائیلوں کو نشانہ بنایا گیا۔

موساد کے اس خفیہ آپریشن کے لیے ہتھیاروں سے لیس گاڑیوں کو ایران سمگل کیا گیا تھا، ان ہتھیاروں کے ذریعے موساد ایجنٹوں نے ایران کے فضائی دفاعی نظام کو غیر مؤثر کردیا جس کے بعد اسرائیلی طیارے بغیر کسی مزاحمت کے ایرانی فضائی حدود میں پرواز کرتے رہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق موساد کے ایجنٹس نے وسطی ایران میں اینٹی ائیرکرافٹ تنصیبات  کو بھی نشانہ بنایا۔موساد کے اس خفیہ آپریشن کی منصوبہ بندی ایک طویل عرصے سے کی جارہی تھی اور اس کے لیے اسرائیلی کمانڈوز اور ہتھیاروں کو ایران سمگل کیا گیا تھا۔

 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے