مظفرآبادکی جدیداورسب سے بڑی واٹرسپلائی سکیم کا افتتاح

مظفرآباد : وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے ماکڑی ان ٹیک وئیر اور انسٹالیشن آف ڈیجیٹل فلو میٹرنگ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر حکومت آزاد کشمیر کے وزراء فیصل ممتاز راٹھور، میاں عبدالوحید، چوہدری یاسر سلطان اور سابق مشیر حکومت راجہ مبشر اعجاز بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم نے منصوبے کے تعمیراتی کام اور نصب کی گئی جدید مشینری کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے کی نوعیت، پیش رفت اور فنی امور پر بریفنگ دی۔

ماکڑی ان ٹیک وئیر منصوبہ محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کی زیر نگرانی اور وفاقی وزارت توانائی و آبی وسائل کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 1 ارب 63 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔

اس منصوبے کی تکمیل کے بعد مظفرآباد کے تقریباً ساڑھے چار لاکھ شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر صاف اور پینے کے قابل پانی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ یہ نظام ماکڑی واٹر سپلائی سکیم کو مطلوبہ مقدار میں پانی کی مسلسل اور موثر فراہمی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم نے منصوبے کو عوامی فلاح کے لیے سنگِ میل قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے منصوبوں کو اولین ترجیح دینے کا اعلان کیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے