پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں وکشمیر کو الاٹ شدہ زمینوں پر نا جائز قبضے فوری ختم کرنے کے احکامات
پارلیمانی کشمیر کمیٹی نے مہاجرین مقیم پاکستان کو الاٹ شدہ زمینوں پر نا جائز قبضے فوری ختم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں قیام پذیر مہاجرین 1989 کی شکایات کا جائزہ لینے کے لئے مظفر آباد کے بعد پونچھ اور میر پور ڈویژن کے دورہ کا اعلان کر دیا۔
وزیر بحالیات آزاد کشمیر حکومت حاجی جاوید اقبال بڈھانوی کی زیر قیادت مہاجرین آزاد کشمیر کے نمائندہ وفد کی چیئر مین قومی کشمیر کمیٹی رانا قاسم علی نون ، نواب زادہ ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری چیئر مین ڈیفنس کمیٹی فتح اللہ خان کے ساتھ خصوصی ملاقات میں فیصلہ ۔
ملاقات میں کشمیر کمیٹی نے چیئر مین اور مبران نے وزیر بحالیات آزاد کشمیر جاوید اقبال بڑھانوی اور مہاجرین کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ مہاجرین جموں و کشمیر کے جملہ مسائل جو دورہ مظفر آباد کے دوران زیر بحث لائے گے تھے کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔ مہاجرین جموں و کشمیر کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے خدمات نا قابل فراموش ہیں ۔ اپنے گھر بار اور خاندان چھوڑ کر صعوبتیں برداشت کر کے مشن کی تکمیل کے لئے قربانیاں دینے والے خصوصی سلوک کے مستحق ہیں۔

کمیٹی نے دورہ مظفر آباد کے دوران وعدہ کیا تھا کہ مہاجرین کے جملہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونگے ۔ اس سلسلہ میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سب کمیٹی برائے کشمیر کے کنو نیئر نوابزادہ افتخار احمد کی زیر صدارت کمیٹی روم نمبر 07 میں منعقدہ اجلاس میں وزیر بحالیات آزاد کشمیر جاوید اقبال بڑھانوی ، ایم این اے ڈاکٹر زرقا محمد اظہر خان لغاری ایم این اے ، جوائنٹ سیکرٹری کشمیر آفیئر ، آل پارٹیز حریت کانفرنس کنونیئر غلام محمد صفی، عزیر احمد غزالی، پرویز احمد ایڈووکیٹ کمشنر بحالیات سردار خالد محمود ، اسٹنٹ کمشنر بحالیات سید شبیر احمد گیلانی، ڈاکٹر اسا شاکر خواجہ، خالد حسین ڈائر یکٹر پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر انسانی حقوق کے ذمہ داران اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر بحالیات جاوید اقبال بڑھانوی اور غلام محمد صفی کنونیئر آل پارٹیز حریت کانفرنس نے مہاجرین کے مسائل سے متعلق آگاہ کیا، جبکہ کمشنر بحالیات سردار خالد محمود نے بھی کمیٹی کو مہاجرین کی آبادکاری سمیت دیگر در پیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں چیئر مین کشمیر کمیٹی کے ساتھ بھی تفصیلی ملاقات کی گئی ۔ وزیر بحالیات جاوید اقبال بڑھانوی نے چیئرمین کمیٹی کو جموں وکشمیر کے مہاجرین کے مسائل آباد کاری کے سلسلہ میں خصوصی دلچپی پر انکا شکر یہ ادا کیا۔
چیئرمین کشمیرکمیٹی نے اس موقع پر بات چیت کے دوران کہا کہ جس طرح کمیٹی ممبران نے مظفر آباد کا دورہ کیا اس طرح بہت جلد میر پور اور پونچھ ڈویژن کا بھی دورہ کریں گے اور مہاجرین کے مسائل کے علاوہ دیگر معاملات پر بھی کشمیری عوام سے ان کی رائے لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 05 فروری یوم یکجہتی کشمیر پورے ملی اور قومی جذبے کے ساتھ منا کر جد و جہد آزادی میں مصروف عمل کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ رانا قاسم علی نون چیئر مین کشمیر کمیٹی اور ممبران سینٹر فتح اللہ خان ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک میں سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی ۔ کشمیر کے مسلمان پاکستان کے ساتھ الحاق کے لئے 1947 ء سے قربانیوں کی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ اور ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔
اس موقع پر انہوں نے مہاجرین کالونیوں سمیت ضلع جھنگ میں مہاجرین جموں و کشمیر کی شکایات کے ازالہ کے لئے موقع پر احکامات جاری کیئے ۔ جبکہ مہاجرین مقیم پاکستان کو الاٹ شدہ زمینوں پر ناجائز قابضین کی بیدعلی اور مہاجرین 1989 کے ساتھ پاکستان میں مقیم دیگر مہاجرین کے جملہ مسائل حل کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں