2 ماہ میں حکومت کا دھڑن تختہ ہو جائےگا: عمران خان کا دعویٰ

تحریک  انصاف کے بانی  عمران خان  نے کہا ہے کہ  یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے، 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی والے سامنے لائے جائیں تو معافی مانگوں گا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ 9  مئی پر صرف انصاف چاہتے ہیں، میں صرف اور صرف پاکستان کے لیے بات کرنے کا کہہ رہا ہوں۔9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی والے سامنے لائے جائیں تو معافی مانگوں گا، جتنے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو۔

عمران خان  نے کہا  کہ حکومت میں موجود ریلو کٹے فوج کو ورغلاتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو ختم کردیں، القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کروں گا،شناخت نہیں بتاسکتا ورنہ ڈالا پہنچ جائے گا۔ اگر موجودہ حکومت کی زیر نگرانی دوبارہ الیکشن ہوئے تو ہم نہیں مانیں گے۔

بانی تحریک انصاف  نے مزید کہا  کہ مجھ سے مذاکرات کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا، جیل سے پیش گوئی کررہا ہوں کہ حکومت کے پاس صرف 2 مہینے کا وقت ہے، حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے، یہ بیوقوف ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہی، میرے پاس بہت وقت ہے ، ان کے پاس وقت ختم ہو رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے